May ۱۸, ۲۰۱۶ ۱۸:۱۰ Asia/Tehran
  • امریکی سینیٹ میں سعودی عرب کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کا حق دینے والا بل پاس

گیارہ ستمبر کے دہشت گردانہ حملوں میں مارے گئے افراد کے اہل خانہ کو سعود ی حکومت کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کا حق دینے والا بل امریکی سینیٹ نے پاس کردیا ہے-

امریکی سینیٹ نے اس بل کی منظوری دے دی ہے جو گیارہ ستمبرکے دہشت گردانہ حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو سعودی عرب کے خلاف مقدمہ دائرکرنے کا حق دیتا ہے -

امریکی سینیٹ نے یہ بل ایک ایسے وقت منظورکیا ہے جب اس سے پہلے سعودی عرب نے دھمکی دی تھی کہ اس بل کی منطوری کی صورت میں وہ امریکا میں اپنا سات سوپچاس ارب ڈالر کا سرمایہ نکال لےگا -

اس سے پہلے امریکی ذرائع ابلاغ میں اعلی حکام کے حوالے سے خبریں زور و شور سے آئی تھیں کہ گیارہ ستمبرکے حملوں کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کی رپورٹ میں ان اٹھائیس صفحات کو خفیہ رکھاگیا ہے جن میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ گیارہ ستمبر کے واقعات میں سعودی عرب کاہاتھ تھا -

سعودی عرب پر مقدمہ دائر کرنےکی اجازت دینے والے بل کا مسودہ ڈیموکریٹک پارٹی کے نیویارک سے تعلق رکھنے والے سینیٹر چک شمر اور ٹیکساس سے ریپبلیکن پارٹی کے سینیٹر جان کورنن نے پیش کیا تھا اور توقع ہے کہ یہ بل ایوان نمائندگان میں بھی منظور کرلیا جائے گا -

دوسری جانب امریکی صدر اوباما نے کہا ہے کہ وہ اس بل کو ویٹوکردیں گے لیکن ڈیموکریٹس سینیٹر کا کہنا ہے کہ وہ پراعتماد ہیں کہ صدر اوباما کا ویٹو نہیں مانا جائےگا -

ڈیموکریٹس سینیٹر چک شمر نے کہا کہ سینیٹ نے یہ واضح کردیا ہے کہ لواحقین دہشت گردی کی کاروائی کرنے والوں کا احتساب کرسکیں گے خواہ وہ کسی بھی ملک کےکیوں نہ ہوں ان کا کہنا تھا کہ امریکی بونڈ فروخت کردینے کی سعودی حکومت کی دھمکی محض الفاظ کی حدتک ہے -

یادرہے کہ پچھلے کچھ عرصے سے امریکا کے مختلف حلقوں کی جانب سے یہ بات کہی جارہی ہے کہ دہشت گردی کو پھیلانے میں سعودی عرب سب سے آگے ہے اورپوری دنیا میں دہشت گردوں کی حمایت کررہا ہے -

ٹیگس