May ۲۵, ۲۰۱۶ ۲۰:۱۰ Asia/Tehran
  • فرانس میں پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں

فرانس میں نئے لیبر قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والوں اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

خبروں کے مطابق آئل ریفائنریز لیبر یونینوں کے ارکان نے بدھ کے روز شمالی فرانس کے شہر اولشن میں مظاہرہ کیا اور آئل ٹرمنل جانے والے تمام راستوں کو، رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کر دیا۔

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے اور راستہ کھولنے کی کوشش کی جس کے دوران پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی ہوئیں۔

مظاہرین کے ایک اور گروہ نے فرانس کی آئل ریفائنری کی جانب جانے والے واحد پل کو بھی بند کر دیا۔

نئے لیبر قوانین کے خلاف پچھلے ایک ہفتے سے جاری مظاہروں اور آئل ٹرمنلوں کے محاصرے کے سبب دارالحکومت پیرس سمیت پورے فرانس میں پیٹرول کی شدید قلت ہو گئی ہے۔

حکومت نے صورت حال پر قابو پانے کے لئے تیل کے اسٹریٹیجک ذخائر سے استفادہ کرنا شروع کر دیا۔

ٹیگس