Jun ۲۴, ۲۰۱۶ ۱۲:۳۳ Asia/Tehran
  • برطانیہ: وزیراعظم ڈیویڈ کیمرون کے مستعفی ہونے کا اعلان

برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے ریفرنڈم میں ناکامی پر مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔

ذرائع کے مطابق برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے ریفرنڈم میں یورپی یونین میں برطانیہ کو باقی رکھنے کے مقصد میں ناکامی پر مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ، مزید وزارت عظمیٰ سنبھالنے کا ارادہ نہیں رکھتے اور تین ماہ بعد وزارت عظمیٰ چھوڑ دیں گے اور نئی قیادت یورپی یونین سے مذاکرات کرے گی۔

ریفرنڈم کے نتائج آنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ، برطانوی عوام کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور ان کے فیصلے پرعمل کیا جائے گا۔

برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ برطانوی عوام نے یورپی یونین سے علیحدگی کے حق میں ووٹ دیا جبکہ عوام نے یہ فیصلہ سیاسی فیصلے سے بالاتر ہو کر ملکی مفاد میں دیا۔ ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ وہ سرمایہ کاروں کو یقین دلاتے ہیں کہ برطانوی معیشت کی بہتری کے لئے ہرممکن اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام نے برطانیہ کو مزید خوش حال بنانے کے لئے ان کی حکومت کا ہرمرحلے پر ساتھ دیا۔ تین ماہ بعد ہونے والی کنزرویٹو و پارٹی کی کانفرنس میں نئے وزیراعظم کا اعلان کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ انھیں برطانیہ سے پیار ہے، اور اپنے ملک کی خدمت کرکے انھوں نے مسرت محسوس کی۔

واضح رہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین میں شامل رہنے یا نکلنے سے متعلق ریفرنڈم میں باون فیصد برطانوی عوام نے یورپی یونین سے نکل جانے جبکہ اڑتالیس فیصد نے یورپی یونین میں رہنے کے حق میں ووٹ دیا۔

ٹیگس