Jun ۲۵, ۲۰۱۶ ۱۷:۱۰ Asia/Tehran
  • میانمار میں مسلمانوں کی مسجد پر انتہا پسند بودھسٹوں کا حملہ

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے میانمار میں مسلمانوں کی ایک مسجد پرانتہاپسند بودھسٹوں کے حملے کو مجرمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے مسلمانوں کے خلاف جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کو سزا دینے کامطالبہ کیا ہے-

خبروں کے مطابق میانمارکے صوبے باگو کے گاؤں تونی تامین میں دوسو انتہا پسند بودھسٹوں نے حملہ کرکے ایک مسجد کی دیوار کو منہدم کردیا - بودھسٹوں کے اس حملے کے بعد مسلمانوں نے بھاگ کر پولیس اسٹیشن میں پناہ لی-

انتہا پسند بودھسٹوں نے یہ حملہ اس علاقے میں ایک دینی مدرسے کی تعمیر پر شروع ہونے والے لفظی تنازعے کے بعد کیا -

میانمار کے مسلمانوں اور ان کے مقدسات پر انتہاپسند بودھسٹوں کے اس حملے کے بعد ایمنسٹی انٹرنیشنل نے میانمار کی حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ وہ اس مجرمانہ اقدام کا فوری نوٹس لے اور حملہ آوروں کا پتہ لگاکر انہیں سزا دے -

ایمنسٹی انٹرنیشنل کے شعبہ جنوب مشرقی ایشیا کے ڈائریکٹر رافندی دگامان نے کہا ہے کہ اس حملےکی فوری طور پرغیرجانبدارانہ تحقیقات کرائی جانی چاہئیے - ان کا کہنا تھاکہ میانمار کی حکومت کو یہ یقین دہانی کرانی چاہئے کہ وہ اس قسم کے مجرمانہ اقدامات کی کسی کو اجازت نہیں دے گی -

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنے بیان میں حکومت میانمار کو خبردار کیا ہے کہ اس قسم کے حملوں اور مجرمانہ اقدامات کی منصفانہ تحقیقات میں کوتاہی کا مطلب یہ ہوگا کہ میانمار کی حکومت اقلیتوں کی جان ومال اور مقدسات کی سلامتی کے تعلق سے سنجیدہ نہیں ہے-

واضح رہے کہ گذشتہ چند برسوں کے دوران میانمار کے مسلمانوں خاص طور پر اس ملک کے صوبہ راخین کے مسلمانوں پر انتہا پسند بودھسٹوں نے پولیس کے ساتھ مل کر وسیع پیمانے پر مظالم ڈھائے ہیں-

چند برس قبل راخین میں ہزاروں کی تعداد میں روہنگیا مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا تھا جبکہ دسیوں ہزار کی تعداد میں روہنگیا مسلمان اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے تھے - روہنگیا مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد، دوسرے ملکوں میں پناہ لینے کی کوششوں میں سمندری سفر کے دوران کشتیاں ڈوب جانے سے ہلاک ہوگئی جبکہ بہت سے روہنگیا مسلمانوں کو انسانی اسمگلروں نے اغوا کرلیا ہے-

-میانمار کی حکومت، روہنگیا مسلمانوں کو اس ملک کا شہری تسلیم کرنے پر تیار نہیں ہے اور انہیں ملک کے انتخابات میں حصہ لینے کا بھی حق حاصل نہیں ہے جبکہ یہ مسلمان سیکڑوں برسوں سے وہاں آباد ہیں - اقوام متحدہ بھی میانمارکے مسلمانوں کو دنیا کی سب سے مظلوم اقلیت قراردے چکی ہے -

ٹیگس