میانمار میں ایک اور مسجد پر انتہا پسندوں کا حملہ
میانمار کے انتہا پسندوں نے ایک اور مسجد کو نذر آتش کر دیا۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق میانمار کے انتہا پسندوں نے شمالی صوبے کاچین میں مسجد کو آگ لگانے سے پہلے وہاں موجود قیمتی سامان بھی لوٹ لیا۔ پولیس نے تاحال مسجد پر حملے کے سلسلے میں کسی فرد یا گروپ کو گرفتار نہیں کیا ہے۔
قبل ازیں تقریبا دو سو انتہا پسند بدھسٹوں کے ایک گروپ نے گزشتہ ہفتے جمعرات کے روز، دارالحکومت یانگون کے نواح میں واقع مسلم آبادی والے گاؤں باگو پر حملہ کر کے ایک مسجد کو شہید کر دیا تھا۔
میانمار میں مساجد پر انتہاپسند بدھسٹوں کے حملے، ایسے وقت میں انجام پا رہے ہیں جب اقوام متحدہ کے خصوصی رپورٹر نے حکومت میانمار سے اپیل کی ہے وہ ملک میں آباد مسلمانوں کے خلاف متعصبانہ سلوک کا سلسلہ فوری طور پر ختم کر دے۔
سن دو ہزار بارہ میں مسلمانوں کے خلاف انتہا پسند بدھسٹوں کے پرتشدد حملوں میں دو سو سے زائد مسلمان جاں بحق اور ہزاروں دیگر بے گھر ہو گئے تھے۔ جن کی بڑی تعداد اندرون ملک اور یا ہمسایہ ملکوں میں قائم پناہ گزین کیمپوں میں زندگی بسر کر رہی ہے۔
اقوام متحدہ نے اپنی ایک رپورٹ میں روہنگیا مسلمانوں کے کیمپوں کی صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان لوگوں کو زندگی کی بنیادی سہولتیں بھی میسر نہیں ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صحت و صفائی کا معقول انتظام نہ ہونے اورغذائی اشیا کی قلت کے سبب کم سن بچوں اور سن رسیدہ افراد کی زندگیوں کو لاتعداد خطرات لاحق ہیں۔