Jul ۰۸, ۲۰۱۶ ۱۷:۰۳ Asia/Tehran
  • افغانستان میں آسٹریلوی فوجیوں کی تعیناتی کی مدت میں توسیع

آسٹریلیا نے افغانستان میں اپنے فوجیوں کی تعیناتی کی مدت میں توسیع کر دی ہے

آسٹریلیا نے دوہزار تیرہ میں اپنے بیشتر فوجی افغانستان سے نکال لئے تھے لیکن افغان فوج اور پولیس کو ٹریننگ دینے کے بہانے اس نے دو سو ستر آ‎سٹریلوی فوجیوں کو افغانستان میں تعینات کر رکھا تھا - ان دو سو ستر آسٹریلوی فوجیوں کی تعیناتی کی مدت بھی دوہزار سولہ کے آخر تک ختم ہو جانی تھی لیکن آسٹریلوی حکومت نے افغانستان میں موجود اپنے ان فوجیوں کی تعیناتی کی مدت میں چھے مہینے توسیع کر دی ہے-

آسٹریلیا کی حکومت نے یہ بھی دعوی کیا ہے کہ وہ افغان فوج اور پولیس کو سوملین ڈالر کی اپنی سالانہ امداد جاری رکھے گی -

اس سے پہلے امریکی صدر باراک اوباما نے بھی کہا تھا کہ امریکا کے تقریبا ساڑھے آٹھ ہزار فوجی افغانستان میں موجود رہیں گے- اوباما نے وائٹ ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ افغانستان میں ساڑھے پانچ ہزار کے بجائے آٹھ ہزار چار سو امریکی فوجی باقی رہیں گے - ان کا کہنا تھا کہ یہ سارے فوجی میری حکومت کی مدت کے اختتام تک افغانستان میں تعینات رہیں گے -

واضح رہے کہ اوباما نے وعدہ کیا تھاکہ وہ افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد کم کرکے ساڑھے پانچ ہزار کردیں گے لیکن ہمیشہ کی طرح اس بار بھی وہ اپنے وعدے پر قائم نہ رہ سکے -

امریکی صدر نے دعوی کیا کہ افغانستان کی سیکورٹی کی صورتحال خطرناک ہے اور افغان فوج اور سیکورٹی فورس اتنی طاقتور نہیں ہیں کہ وہ اکیلے دم پر ملک میں امن قائم کرسکیں-

افغانستان میں سیکورٹی کے مسئلے پر اوباما کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب افغان ذرائع اور غیر ملکی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ افغانستان میں بدامنی کی اصل وجہ وہاں امریکا اور اس کے اتحادیوں کی فوجی موجودگی ہے -

 

ٹیگس