علاقے اور خاص طور پر پڑوسی ملکوں میں امن و استحکام کا مسئلہ ہمارے لئے بہت اہم: ایرانی وزارت خارجہ
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے آغاز کے بعد سے ہی ہم نے دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کے ذریعے مسئلے کو حل کرنے میں مدد کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں۔
سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے آج اپنی ایک پریس کانفرنس میں افغانستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے تعلق سے پوچھے گئے اس سوال کے جواب میں کہ کیا ایران اور علاقے کے چند دیگر ممالک علاقائی اجلاس کا انعقاد کریں گے اور کیا اس سلسلے میں کوئی پیش رفت انجام پائی ہے اور کیا ایران نے اس اجلاس کے انعقاد کے لئے اپنی آمادگی کا اعلان کیا ہے؟ اسماعیل بقائی نے کہا کہ علاقے اور خاص طور پر پڑوسی ملکوں میں امن و استحکام کا مسئلہ ہمارے لئے بہت اہم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک مناسب علاقائی فریم ورک میں اس مسئلے پر بات چیت اور خیالات کے تبادلے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ بنیادی مقصد ان دو ہمسایہ اور مسلم ممالک کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے میں مدد کرنا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بورڈ آف گورنرز میں منظور کی گئی ایران مخالف قرارداد، اس کو تیار کرنے والوں اور اسے پیش کرنے والوں کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے- انہوں نے کہا کہ یہ قرارداد نہ صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے قواعد و ضوابط بلکہ جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے کے سابقہ طریقۂ کار کے بھی برخلاف ہے کیوں کہ اس میں ایران کی پرامن ایٹمی تنصیبات پر امریکہ اور صیہونی حکومت کے جارحانہ حملوں اور موجودہ مشکلات کی اصل وجوہات کی جانب کوئی اشارہ نہیں کیا گيا ہے-
اسماعیل بقائی نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے باوجود ہم اس علاقے میں جارح صیہونی حکومت کے مسلسل حملوں اور غزہ میں جاری نسل کشی کا مشاہدہ کر رہے ہيں اور صرف گزشتہ رات میں چوبیس فلسطینی شہید اور سو دیگر زخمی ہوگئے- گزشتہ پینتالیس دن میں جنگ بندی کی بارہا خلاف ورزی ہوئی ہے۔
اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ ایسے میں غزہ جنگ بندی کے ثالثوں اور ضامن ملکوں کی ذمہ داری سنگین ہوجاتی ہے اور یہ بات واضح ہے کہ یہ ممالک صیہونی حکومت کو اس کے جارحانہ حملے رکوانے میں ناکام رہے ہيں اور یہ غاصب حکومت کسی سزا اور باز پرس کا احساس کئے بغیر اپنی بربریت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے-
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok