Nov ۲۰, ۲۰۲۵ ۱۷:۲۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان اور افغانستان کے مضبوط ہوتے رشتے، طالبان حکومت کے وزیر تجارت کا پانچ روزہ نئی دہلی دورہ

افغانستان کی طالبان حکومت کے وزیر تجارت نے نئی دہلی میں جاری بین الاقوامی تجارتی میلے کا معائنہ کیا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان:  ہندوستانی میڈیا کے مطابق طالبان حکومت کے وزیر تجارت نور الدین عزیزی گزشتہ روز اپنے پانچ روزہ دورے پر ہندوستان کے دارالحکومت پہنچے اور انہوں نے اپنے دورے کے پہلے ہی دن نئی دہلی کے پرگتی میدان میں جاری چوالیسویں بین الاقوامی تجارتی میلے کا معائنہ کیا جہاں وہ افغانستان سے آئے کاروباری لوگوں سے بھی ملے۔

قابل ذکر ہے کہ ان کا ہندوستان کا پانچ روزہ سرکاری دورہ دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہے۔ یہ دورہ ایسے وقت میں انجام پا رہا ہے کہ جب پاکستان نے افغانستان کے ساتھ سخت کشیدگی اور جھڑپوں کے بعد اپنی سرحدیں بند کر دی ہیں جبکہ دوسری جانب طالبان حکومت نے بھی اپنے تاجروں کو پاکستان کے ساتھ تمام تجارتی تعلقات ختم کرنے کے لئے تین ماہ کا الٹی میٹم جاری کر دیا ہے۔

پاکستان کے ساتھ تنازعے میں شدت آ جانے کے بعد طالبان حکومت کے ہندوستان کے ساتھ تعلقات میں خاصی گرمی دیکھی جا رہی ہے۔ گزشتہ اکتوبر کے مہینے میں بھی طالبان حکومت کے وزیر خارجہ امیرخان متقی ایک ہفتے کے دورے پر ہندوستان پہنچے تھے اور انہوں نے اعلیٰ سیاسی حکام کے علاوہ مذہبی و سماجی عمائدین سے بھی ملاقات کی تھی۔

 

ٹیگس