سیول میں امریکی میزائل سسٹم کی تنصیب کے خلاف مظاہرہ
جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول میں ہزاروں افراد نے، امریکی میزائل سسٹم کی تنصیب کے خلاف مظاہرے کیے ہیں۔
جمعرات کو ہونے والے مظاہروں میں شریک لوگوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکی میزائل سسٹم تھاڈ کی تنصیب کے فیصلے پر نظرثانی کرے۔ مظاہرین ، تھاڈ سسٹم کی تنصیب سے علاقے کے ماحولیات اور صحت عامہ کو پہنچنے والے نقصانات کے بارے میں نعرے لگا کر اپنی ناراضگی کا اظہار کر رہے تھے۔ مظاہرے میں سیول کے نواحی علاقے سونگجو سے تعلق رکھنے والے بھی سیکڑوں افراد شریک تھے۔
جنوبی کوریا کے حکام نے تھاڈ میزائل سسٹم سونگجو کے علاقے میں نصب کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جنوبی کوریا کی صدر پارک گیون ہائے نے شمالی کوریا کی میزائل طاقت میں اضافے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے، امریکی میزائل سسٹم کی تنصیب کو ناگزیر قرار دیا ہے۔
امریکہ کے ترقی یافتہ میزائل سسٹم کی تنصیب کے فیصلے پر جنوبی کوریا کی حکومت کو اندرون ملک مخالفت کے ساتھ ساتھ بیرونی دنیا کے بھی سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ہمسایہ ملک چین نے امریکی میزائل سسٹم کی تنصیب کی بابت سخت خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے خطے کی سلامتی خطرے میں پڑ جائے گی۔
روس نے جنوبی کوریا میں تھاڈ میزائل سسٹم کی تنصیب کے فیصلے پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام نے خطے کو غیر مستحکم کرنے کے علاوہ عالمی اسٹریٹیجک استحکام پر بھی منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔
ادھر شمالی کوریا نے دھمکی دی ہے کہ وہ تھاڈ میزائلوں کی تنصیب کا عملی طور جواب دے گا۔