امریکہ اور مغربی ملکوں کی غلط پالیسیاں مشرق وسطی کی کشیدگی کی اصل وجہ ہیں: روسی وزیر خارجہ
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤ روف نے امریکہ اور مغربی ملکوں کی غلط پالیسیوں کو مشرق وسطی کی کشیدگی کی اصل وجہ قرار دیا ہے۔
رشیا ٹوڈے کے مطابق ماسکو میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیرخارجہ سرگئی لاؤروف نے کہا کہ عراق، شام اور لیبیا مستحکم ممالک تھے لیکن بیرونی مداخلت کے نتیجے میں ان ممالک کا امن و امان تباہ ہو کر رہ گیا ہے۔
روسی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ افسوس کہ لیبیا جیسا ملک آج دہشت گردوں کی پرورش اورغیر قانونی تارکین وطن کی گزرگاہ بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم یورپ میں فاشسٹ قوتوں کے زور پکڑنے کا بھی مشاہدہ کر رہے ہیں۔ سرگئی لاؤروف نے واضح طور پرکہا کہ یورپ میں تارکین وطن کے بحران کا کافی حدتک ان ملکوں کی غلط پالیسیوں سے براہ راست تعلق ہے۔
روس کے وزیر خارجہ نے سیاہ فام شہریوں کے ساتھ امریکی پولیس کے متعصبانہ رویئے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس تشدد کے خلاف سیاہ فاموں کا ردعمل امریکی حکمرانوں کے لیے کھلے پیغام کا حامل ہے۔