بنگلہ دیش میں حزب المجاہدین کے چھ جنگجو گرفتار
بنگلہ دیش کی ریپڈ ایکشن فورسز کے ترجمان نے کہا ہےکہ سیکورٹی فورسز اور پولیس نے دارالحکومت ڈھاکہ میں آپریشن کر کے حزب المجاہدین کے چھ جنگجووں کو گرفتار کر لیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق مفتی محمد خان نے بدھ کےدن نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران کہاکہ گرفتار ہونے والے افراد سے پستول، ہینڈ گرینیڈ، بارہ عدد چھوٹے بم اوردھماکہ خیز مواد وغیرہ برآمد ہوا ہے۔
بنگلہ دیش کی سیکورٹی فورسز نے ڈھاکہ میں ایک ریسٹورنٹ پر حملے اور اس کے ایک ہفتے کے بعد عیدالفطر کے نمازیوں پر حملے کےبعد مسلح جنگجووں اور مخالف گروہوں کے عناصر کی گرفتاری کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
بنگلہ دیش کی حکومت غیر قانونی گروہ حزب المجاہدین کو اپنے ملک میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں میں ملوث سمجھتی ہے۔
یکم جولائی کو ڈھاکہ میں ایک دہشت گردانہ حملے میں بیس غیر ملکی یرغمال، دو پولیس اہلکاراور چھ دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔