ونزویلا میں حکومت مخالف مظاہرے واشنگٹن نے کرائے
ونزویلا کی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ دارالحکومت کاراکاس میں ہونے والے حالیہ مظاہرے واشنگٹن کی ایماء پر ہوئے ہیں-
ہسپان ٹی وی کی رپورٹ کےمطابق ونزویلا کی وزیر خارجہ ڈلسی رودریگز ( Delcy Rodríguez) نے اس ملک کے دارالحکومت میں جمعرات کو ہونے والے مظاہرے کے بارے میں ٹیلی سور(Telesur) ٹی وی چینل کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کہا کہ ونزوئلا کے حکومت مخالفین کی جانب سے جو مظاہرے ہوئے وہ واشنگٹن کی ایماء پر کودتا کا ایک حصہ تھے-
ونزوئلا کی وزیر خارجہ نے اس ملک میں بغاوت کے لئے امریکی کوششوں کی مذمت کی اور کہا کہ واشنگٹن، بارک اوباما کی صدارتی مدت ختم ہونے سے قبل ہی ونزویلا کے بولیویرین انقلاب کی نابودی اور سقوط کا خواہاں ہے-
رودریگز نے ونزویلا کے صدر نیکولس مادورو کے مخالفین کی جانب سے ریفرنڈم کرائے جانے کے بارے میں کہا کہ حکومت شہریوں کے اس حق کو باضابطہ طور پر تسلیم کرتی ہے لیکن کوئی تشدد آمیز اقدام انجام دینے کی اجازت ہرگز نہیں دے گی -
ونزویلا کی وزیر خارجہ نے اسی طرح کہا کہ ونزویلا کی حکومت کے مخالفین نے ایک بار پھر ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لئے دوہزار چودہ کے تشدد آمیزاقدامات کا اعادہ کیا لیکن ان کے یہ سارے منصوبے دھرے کے دھرے رہ گئے اور جمعرات کو کاراکاس میں ہونے والے تشدد پر قابو پا لیا گیا-