Oct ۱۰, ۲۰۲۵ ۱۸:۴۲ Asia/Tehran
  • اسرائیلی ٹیم کو جمناسٹک چیمپین شِپ میں شرکت کے لئے ویزا دینے سے انڈونیشیا کا انکار

ایسو شی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا نے اسرائیلی کھلاڑیوں کو جکارتہ میں ہونے والے عالمی جمناسٹک مقابلوں میں شرکت کے لئے ویزا دینے سے انکار کردیا ہے۔ اسرائیلی ٹیم 19 سے 25 اکتوبر تک جکارتہ میں ہونے والے عالمی جمناسٹک مقابلوں میں شرکت کرنے والی تھی۔

سحرنیوز/عالم اسلام: اطلاعات کے مطابق غزہ میں اسرائیلی مظالم کی وجہ سے انڈونیشیا نے اسرائیلی جمناسٹک کھلاڑیوں کو ویزا دینے سے انکار کر دیا ہے لٰہذا اب اسرائیلی جمناسٹک ٹیم کے ارکان جکارتہ میں ہونے والے 53 ویں عالمی آرٹسٹک چیمپین شِپ مقابلوں میں شرکت نہیں کرسکیں گے۔

ایسوشی ایٹڈ پریس اور دیگر عالمی خبر رساں ایجنسیوں کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشین جمناسٹکس فیڈریشن کی سربراہ ایتا جولیاتی نے جمعہ کو ایک پریس کانفرنس میں صحافیوں کو بتایا کہ "یہ تصدیق ہو چکی ہے کہ وہ شرکت نہیں کریں گے۔"

انڈونیشیا کے قانونی امور کے سینیئر وزیر یسرل اہزا مہندرا نے بھی اس سلسلے میں کہا ہے کہ انڈونیشیا نے اسرائیلی کھلاڑیوں کو ویزا جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یسرل اہزا مہندرا نے جمعے کے روز ایک بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ انڈونیشیا کی اس پالیسی کے مطابق ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات اُس وقت تک نہیں ہوں گے جب تک وہ ریاست فلسطین کی آزادی اور مکمل خودمختاری کو تسلیم نہیں کرتا۔

ادھر جکارتہ کے گورنر پرامونو اننگ نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیل اور حماس کی جنگ کے نتیجے میں ہونے والی انسانی تباہی ناقابلِ برداشت ہے اور اسرائیلی کھلاڑیوں کی آمد انڈونیشیا کی اکثریت کے لئے گہری جذباتی پریشانی کا باعث بنے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کے ماہرین نے فیفا اور یورپی فٹبال یونین سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اسرائیل کو بین الاقوامی فٹبال مقابلوں میں حصہ لینے سے روک دے تاکہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جاری نسل کُشی کے خلاف ضروری ردِ عمل ظاہر کیا جا سکے۔

قابل ذکر ہے کہ انڈونیشیا دنیا کا سب سے بڑا مسلم اکثریتی ملک ہے اور اس کے غاصب اسرائيلی حکومت کے ساتھ سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔ انڈونیشیا اسرائیل کی جانب سے غزہ پر مسلط کی گئی جنگ پر شدید تنقید بھی کر چکا ہے۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2023 سے غزہ میں جاری غاصب اسرائیلی فوج کی وحشیانہ جارحیت میں، غزہ کے محکمۂ صحت کے مطابق، اب تک 67 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

 

ٹیگس