نائیجیریا میں آیت اللہ شیخ زکزکی کی رہائی کے حق میں مظاہرہ
نائیجیریا کے مسلمانوں نے ایک بڑے مظاہرے میں شرکت کرکے اپنے ملک کے مذہبی رہنما آیت اللہ شیح ابراہیم زکزکی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا -
العالم ٹیلی ویژن چینل کی رپورٹ کے مطابق نائیجیریا کے شمالی شہر کانو کے عوام کی بڑی تعداد نے سڑکوں پر نکل کر مظاہرہ کیا اور آیت اللہ شخ زکزکی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا - مظاہرین مطالبہ کررہے تھے کہ گذشتہ برس دسمبر کے مہینے میں زاریا میں ہوئے قتل عام کے ذمہ داروں پر مقدمہ چلاکر انہیں سزا دی جائے - نائیجیریا کے عوام نے اپنے مذہبی رہنما آیت اللہ شیخ زکزکی کی رہائی کے حق میں اپنے مظاہرے تیز کردئے ہیں- شمالی شہر کانو میں ہونے والے تازہ ترین مظاہر ے میں بہت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی - اس موقع پر نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے ایک رہنما شیخ آدم ظوہو نے مظاہرین سے خطاب کے دوران شیخ زکزکی کی فوری اورغیر مشروط رہائی پرزور دیا - مظاہرے میں شریک ایک خاتون نے کہا کہ زاریا میں فوج کے ہاتھوں ہونے والے قتل عام کے بعد سے آیت اللہ شیخ زکزکی کو گرفتارکرکے قید میں رکھا جارہاہے اور ان کے پیروں اور آنکھوں میں کافی چوٹ آئی تھی - مظاہرے میں شریک اس خاتون کا کہنا تھا کہ نائیجیریا کی حکومت نے اپنے کان بند کر رکھے ہیں اور وہ شیخ زکزکی کی رہائی کے لئے بین الاقوامی اداروں اور عالمی برادری کی درخواستوں کو نہیں سن رہی ہے