ٹرمپ نے امریکی وزارت انصاف پر، کلنٹن کی حمایت کا الزام لگایا
امریکہ کے ریپبلکن صدارتی امیدوار نے ، امریکی وزارت انصاف کو اپنی ڈیموکریٹ حریف کا حامی قرار دیا ہے-
شین ہوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کے روز کہا کہ اس ملک کی وزارت انصاف، ہیلری کلنٹن کو ایمیل اسکینڈل سے بچانے کی کوشش کر رہی ہے-
ٹرمپ کے بقول امریکہ کی وزارت انصاف نے ایف بی آئی کو ہیلری کلنٹن کے ای میلز کے بارے میں دوبارہ تحقیقات انجام دینے کی بابت خبردارکیا ہے-
واضح رہے کہ امریکا کے وفاقی تحقیقاتی بیورو (ایف بی آئی) نے سابق وزیر خارجہ اور صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کے خلاف ای میل اسکینڈل کی تحقیقات دوبارہ شروع کردی ہیں -
ایف بی آئی نے امریکی کانگریس کو بتایا کہ ہیلری کلنٹن کے نجی سرور سے بھیجی جانے والے مزید ای میلز منظر عام پر آنے کے بعد وہ اس بات کی تحقیق کررہی ہے کہ آیا ان ای میلز میں کوئی ایسی حساس معلومات تو موجود نہیں تھیں جسے نجی سرور کے ذریعے بھیج کر ہیلری نے ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈالا ہو۔
ایف بی آئی کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدارتی انتخاب کے انعقاد میں محض دس دن رہ گئے ہیں۔
آٹھ نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں ہیلری کلنٹن ڈیموکریٹس کی، جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ہیں جبکہ دونوں کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایف بی آئی نے جولائی میں کہا تھا کہ اس نے اس معاملے پر ہیلری کلنٹن کے خلاف تحقیقات ختم کردی ہیں تاہم اب ان کے خلاف فوجداری تحقیقات دوبارہ شروع ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔
یاد رہے کہ جب ہیلری کلنٹن صدر اوباما کے دور میں وزیر خارجہ تھیں تو انہوں نے انتہائی حساس تصور کی جانے والی معلومات کا تبادلہ، محکمہ خارجہ کے فراہم کردہ سرور کے بجائے اپنے ذاتی ای میل سرور کے ذریعے کیا تھا۔