روسی صدر نے نئی انفارمیشن سیکورٹی پالیسی کی منظوری دے دی
Dec ۰۷, ۲۰۱۶ ۱۸:۳۹ Asia/Tehran
روس کے صدر ولادی میر پوتن نے نئی انفارمیشن سیکورٹی پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔
روسی ذرائع ابلاغ کے مطابق نئی انفارمیشن سیکورٹی پالیسی کا مقصد ماسکو کے خلاف بیرونی دباؤ کا مقابلہ کرنا اور اطلاع رسانی کے میدان میں قومی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔ نئی پالیسی سے منسلک دستاویز میں بعض ملکوں میں روسی صحافیوں کے ساتھ متعصبانہ سلوک اور روسی ذرائع ابلاغ کی پیشہ وارانہ سرگرمیوں میں خلل ڈالنے کی بھی مذمت کی گئی ہے۔روسی صدر کی منظور کردہ نئی انفارمیشن سیکورٹی پالیسی میں، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور خاص طور سے دہشت گرد گروہ داعش کے خلاف جنگ کو اجاگر کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ روسی صدر کے دستخط کے بعد مذکورہ انفارمیشن پالیسی کو عملدرآمد کی غرض سے تمام اداروں کو بھجوا دیا گیا ہے۔