شام میں امریکا،اسرائیل،برطانیہ اورسعودی عرب کی شکست
مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے کہا ہے کہ شام میں مقاومتی بلاک کے ہاتھوں امریکا، اسرائیل، برطانیہ، سعودی عرب کی شکست کے بعد امریکی اتحاد عالمی دہشتگرد تنظیم داعش کو پاکستان اورافغانستان میں لا کر منظم کر رہے ہیں۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مسجد و امام بارگاہ مدینۃ العلم گلشن اقبال کراچی میں سیمینار خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شام میں مقاومتی بلاک کے ہاتھوں امریکا، اسرائیل، برطانیہ اورسعودی عرب کی شکست کے بعد امریکی اتحاد عالمی دہشتگرد تنظیم داعش کو افغانستان میں لا کر منظم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکی سرپرستی میں داعش اب پاکستان، افغانستان سمیت سینٹرل ایشیا کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے درپے ہے اور اس قسم کی صورتحال میں دہشتگردی و انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے بنائے گئے نیشنل ایکشن پلان پر عملی اقدامات ضروری ہیں، دہشتگردی کی ماں یعنی دہشتگردانہ آئیڈیالوجی اور دہشتگرد مراکز کا خاتمہ ضروری تھا، لیکن نیشنل ایکشن پلان میں اس سے صرف نظر کرکے دہشتگردوں کو بچایا گیا۔ حساس ترین ملکی صورتحال میں مضبوط مرکزی حکومت ہونا ناگزیر ہے، افسوس کہ تمام اداروں سمیت بیورو کریسی میں تعصب کا زہر رچ بس گیا ہے، جو ملکی بقاء و سالمیت کیلئے تباہ کن ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت اداروں و حکومتی صفوں میں موجود تکفیری دہشتگردوں کے سہولت کاروں کو بھی قانون کے شکنجے میں نہیں جکڑا گیا، لیکن دہشتگردوں کو پالنے والے، انہیں بچانے والے، انکے سہولت کار یہ جان لیں کہ یہی دہشتگرد کل انہیں بھی نشانہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ داعش پاکستان میں لشکر جھنگوی العالمی کے ساتھ ملکر دہشتگردانہ کارروائیوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ محب وطن پاکستانیوں کو اس سازش کے خلاف ہر سطح پر منظم ہوکر آواز اٹھانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم صرف شیعہ سنی اتحاد کیلئے نہیں بلکہ تمام محب وطن طبقات کے اتحاد و وحدت کیلئے کوشاں ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ حساس ترین ملکی صورتحال میں مضبوط مرکزی حکومت ہونا ناگزیر ہے۔