Dec ۲۰, ۲۰۱۶ ۱۸:۰۴ Asia/Tehran
  • جاپان: امریکی طیاروں کی پروازوں پر عوام کا احتجاج

جاپان کے عوام نے امریکہ کے فوجی طیاروں کی پروازیں دوبارہ شروع ہونے پر احتجاج کیا ہے۔

کیوڈو نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جاپان کے شہر گینووان کے عوام نے منگل کے روز صوبہ اوکیناوا میں امریکہ کے اوسپرے طیاروں کی پروازیں دوبارہ شروع ہونے کی مذمت کرتے ہوئے انھیں روکے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ گینووان شہر کے میئر آتسوشی ساکیما نے کہا کہ کل سے شروع ہونے والی امریکی طیاروں کی پروازیں ناقابل برداشت ہیں اور انھیں جلد از جلد روکے جانے کی ضرورت ہے۔ گذشتہ منگل کے روز امریکہ کا اوسپرے ایم وی بائیس طیارہ صوبہ اوکیناوا میں گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے تھے۔ اس واقعہ کے بعد جاپان کی حکومت نے امریکہ سے اوسپرے طیاروں کی پروازیں روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔ واضح رہے کہ جاپان میں امریکہ کے ایک سو چوبیس چھوٹے بڑے فوجی اڈے ہیں جہاں تقریبا پچاس ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق جاپان کے صوبہ اوکیناوا کے ستر فیصد سے زائد عوام اس جزیرے میں موجود امریکہ کے تمام فوجی اڈوں کو ختم کئے جانے کے خواہاں ہیں۔

ٹیگس