وینیزویلا کی حالیہ بدامنی کا ذمہ دار امریکہ ہے، صدر میدورو
ونیز ویلا کے صدر نے امریکہ کو اپنے ملک کی حالیہ مشکلات اور ہنگاموں کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
صدر نیکولس میدورو کا کہنا تھا کہ امریکہ نے اپنے بعض ایجنٹوں کو ونیزویلا کے سرکاری اداروں میں گھسا دیا ہے تاکہ ملک کے مالیاتی اور بینکاری شعبے میں مشکلات پیدا کی جاسکیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمنوں کی کوشش تھی کہ نئے نوٹوں سے بھرے چار ہوائی جہاز واپس بھیج کر وینیزویلا میں مالیاتی بغاوت شروع کرائی جائے تاہم اس سازش کو ناکام بنا دیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ وینیز ویلا کے صدر نکولس میدورو نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ امریکہ کی سرکردگی میں کام کرنے والی عالمی مافیا کا مقابلہ کرنے کی غرض سے آئندہ تین روز کے اندر سو بولیوار کے تمام نوٹ ملکی مالیاتی نظام سے خارج کردیئے جائیں گے۔
وینیز ویلا کی کیش مارکیٹ میں تین چوتھائی کے برابر سو بولیوار کے نوٹ استعمال ہوتے ہیں تاہم نئے نوٹوں کی رسد میں تاخیر کی وجہ سے ملک میں ہنگامے شروع ہوگئے تھے جن کا سلسلہ کئی روز تک جاری رہا۔
حکومت وینیز ویلا نے سو بولیوار کے پرانے نوٹوں کی مدت میں دو جنوری تک توسیع کردی ہے۔