دہشت گردی کے خلاف ٹھوس اور موثر کارروائی کی ضرورت : روس
روس کے صدر ولادی میر پوتن نے عالمی دہشت گردی کے خلاف ٹھوس اور موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
صدر ولادی میرپوتن نے کہا کہ دہشت گرد کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے دنیا کو ٹھوس اور موثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ ترکی میں روسی سفیر کے قتل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے صدر ولادی میر پوتن کا کہنا تھا کہ ایسے دردناک واقعات یورپ کے دیگر ملکوں میں بھی رونما ہوئے ہیں اور ان میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
انہوں نے ملکی سیکورٹی اداروں پر زور دیا کہ وہ اندرون ملک اور بیرون ملک روسی سفارت کاروں کے لیے حفاظتی اقدامات میں اضافہ کریں۔
روسی صدر نے ملک کے خفیہ اداروں کو ہدایت کی کہ دنیا کے دیگر ملکوں کے خفیہ اداروں کے ساتھ بھی زیادہ سے زیادہ تعاون کریں۔
قابل ذکر ہے کہ ترکی میں مقیم روس کے سفیر آندرے کارلوف کو پیر کی شب انقرہ میں ایک تصویری نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گولیاں مار کر قتل کردیا گیا تھا۔