Dec ۲۴, ۲۰۱۶ ۱۴:۱۳ Asia/Tehran
  • اوباما نے نئے مالی سال کے دفاعی بجٹ پر دستخط کر دیئے

امریکہ کے صدر باراک اوباما نے آئندہ مالی سال کے لیے چھے سو اٹھارہ ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کے دفاعی بجٹ کی توثیق کر دی ہے۔

وائٹ ہاوس نے اعلان کیا ہے کہ صدر باراک اوباما نے نئے مالی سال کے چھے سو اٹھارہ ارب ستر کروڑ ڈالر کے دفاعی بجٹ پر دستخط کر دیئے ہیں جس سے دنیا بھر میں امریکی فوجی آپریشن میں آسانیاں پیدا ہوں گی۔
مذکورہ بجٹ میں انسٹھ ارب پچاس کروڑ ڈالر کی رقم بیرون ملک ممکنہ جنگوں کے لیے مختص کی گئی ہے جبکہ آٹھ ارب تیس کروڑ ڈالر کی رقم دنیا بھر میں قائم امریکی فوجی اڈوں کے اخراجات پورے کرنے، فوجیوں کی تعداد میں اضافے اور ان کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے رکھی گئی ہے۔

کہا جا رہا ہے کہ مختص کردہ رقم، اس رقم سے تین ارب بیس کروڑ ڈالر زیادہ ہے جس کی اوباما انتظامیہ نے کانگریس سے درخواست کی تھی۔
اس بجٹ میں گوانتانامو جیل کے اسٹیٹس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور خلیج کیوبا میں واقع اس جیل کے قیدیوں کی امریکہ منتقلی پر پابندی کو برقرار رکھا گیا ہے۔

ٹیگس