Jan ۱۹, ۲۰۱۷ ۰۸:۵۲ Asia/Tehran
  • ڈیووس اجلاس: دنیا کو مختلف چیلنجوں کا سامنا

پاکستان کےوزیراعظم نوازشریف نے ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے 47 ویں اجلاس کے موقع پرسوئس کنفیڈریشن کی صدر ڈورس لتھ بارڈ، سری لنکا کے وزیراعظم رانیل وکرم سنگھے اور سویڈن کے وزیراعظم اسٹیفن ایلفیون سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔

پاکستان کےوزیراعظم نوازشریف نے سوئس کنفیڈریشن کی صدر ڈورس لتھ بارڈ کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں کہاکہ پاکستان، ہندوستان کے ساتھ تمام دیرینہ تنازعات کا پرامن حل چاہتاہے اورہندوستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئےاقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پرعمل درآمد کرے۔ انہوں نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ کی این ایس جی کی رکنیت کے حوالے سے سوچ قابل تعریف ہے۔

پاکستان کےوزیراعظم کا اس ملاقات میں کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی براہ راست افغانستان میں امن واستحکام سے جڑی ہوئی ہے اور پاکستان افغانستان میں بحالی امن کیلئے کوشش جاری رکھے گا۔ اس ملاقات میں سوئس صدر نے کہاکہ ان کی حکومت کوپاکستان کی مختلف چیلنجوں کے باوجود معیشت میں تیز ترین ترقی پر خوشی ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم نے ڈیووس اجلاس کے موقع پر سری لنکا کے وزیراعظم رانیل وکرم سنگھے سے بھی ملاقات کی اس موقع پر نواز شریف نے کہاکہ پاکستان سری لنکاکے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتاہے جوانتہائی خوش گواراوردوستانہ ہیں۔ پاکستان کی یہ پرخلوص خواہش ہے کہ جنوبی ایشیاکے ساتھ امن وتعاون کوفروغ دیاجائے، غربت کے خاتمے اور اقتصادی ترقی کیلیے سیکیورٹی اور استحکام ضروری ہے اور اس سلسلے میں ہم سری لنکا کو ایک اہم شراکت دار تصور کرتے ہیں۔

پاکستان کےوزیراعظم نوازشریف نے سویڈن کے وزیراعظم اسٹیفن ایلفیون کے ساتھ  بھی ملاقات کی اوردو جانبہ تعلقات کے فروغ اور علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اس موقع پر پاکستان کےوزیراعظم نے کہا کہ امن و استحکام کے بغیر ترقی خواب ہے۔ آج ہماری معیشت پہلے سے بہتر ہے۔ 2013 میں جب حکومت سنبھالی تو شدید بحران کا سامنا تھا۔ انھوں نے کہا کہ دنیا کے کسی بھی ملک کی طرح پاکستان پُرامن ملک ہے۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستانی عوام اور فوج نے بہت قربانیاں دی ہیں، آج پاکستان بہت محفوظ ملک بن چکا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت دنیا کو مختلف چیلنجوں کا سامنا ہے اور ان چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے عالمی اتحاد کی ضرورت ہے۔ تاھم ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھی اہم کردار ادا کرنا ہو گا۔

 

ٹیگس