Jan ۳۱, ۲۰۱۷ ۱۲:۰۰ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کے حکم نامے پر عالمی سطح پر شدید ردعمل

امریکی صدر ٹرمپ کے حکم نامے پرعالمی سطح پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

امریکہ کے صدرڈونلڈ ٹرمپ کے حکم نامے پراسلامی تعاون تنظیم( او آئی سی) نے سخت ردعمل اور تشویش ظاہر کرتے ہوئے امریکا سے اپنے اقدام پر نظر ثانی کرنے کا مطالبہ کیا۔

او آئی سی سیکریٹریٹ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے سے متاثرین جنگ کی مشکلات بڑھ جائیں گی۔

ادھرجماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کرک میں جلسئہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کی پالیسیوں سے معلوم ہو رہا ہے کہ روس کی طرح بہت جلد امریکہ کے بھی ٹکڑے ٹکڑے  ہو جائیگا کیونکہ امریکی صدر ہر روز عالم اسلام کے خلاف ایک اعلان جنگ کرتے نظر آتے ہیں۔

دوسری جانب لاہور میں تنظیم المساجد کےعہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ٹرمپ نے اسلام اور مسلمانوں کیخلاف طبلِ جنگ بجا دیا ہے جس کے نتائج انتہائی خطرناک ہوں گے۔

ہندوستان کے زیر انتظام جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے نو منتخب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے مسلم اکثریتی آبادی والے 7 ممالک کے شہریوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی سے متعلق حکم نامے پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ فسطائیت اور نسلیت پر مبنی سیاست نہ ماضی میں کامیاب ہوئی ہے اور نہ ہی مستقبل میں کامیاب ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب امریکا میں ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف وسیع پیمانے پر مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدرٹرمپ نے 7 مسلم ممالک کے شہریوں کو ویزا جاری کرنے پابندی عائد کردی جس کے ساتھ ہی تارکین وطن کی گرفتاریوں کا بھی سلسلہ شروع ہو گیا تاہم عدالت کی جانب سے صدارتی فیصلے کے بعض نکات پر عملدرآمد معطل کردیا گیا۔ دوسری جانب امریکا میں ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف وسیع پیمانے پر مظاہرے بھی شروع ہوگئے ہیں۔

 

ٹیگس