ٹرمپ کے اقدامات پر امریکی سیاسی رہنماؤں کی تشویش
امریکی ریاست کیلی فورنیا کے سیاسی رہنماؤں نے اس ریاست کا بجٹ منقطع کرنے سے متعلق ٹرمپ کی دھمکیوں پر سخت موقف اختیار کیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق امریکی کانگریس میں ریاست کیلی فورنیا کے اراکین نے پیر کے روز صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کیا ہے کہ ان کے کسی بھی قسم کے اقدامات کے نتیجے میں اگر ریاست کیلی فورنیا کو کوئی نقصان پہنچا تو قومی سطح پر اس کے نتائج برآمد ہوں گے۔
کیلی فورنیا کی ریاستی اسمبلی کے اسپیکر اینتھونی رینڈن نے بھی کہا ہے کہ ٹرمپ کے موقف کے برخلاف ریاست کنٹرول سے باہر نہیں ہوئی ہے۔ ریاست کیلی فورنیا کے سینیٹر کوین ڈی لؤن نے بھی کہا ہے کہ بجٹ منقطع کرنے کے بارے میں ٹرمپ کا دھمکی دینا غیر قانونی اور ایک ایسا ظلم ہے جو وہ سماج کے متاثرہ طبقے پر کرنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ فاکس نیوز چینل کے ساتھ امریکی صدر کے اس ہفتے کے انٹرویو کے بعد ٹرمپ اور کیلی فورنیا کے ڈیموکریٹس کے درمیان اختلافات پیدا ہو گئے ہیں۔ اس انٹرویو میں امریکی صدر نے کہا ہے کہ ریاست کیلی فورنیا کئی اعتبار سے کنٹرول سے باہر ہو گئی ہے۔
ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر ریاست کیلی فورنیا کے حکام نے امیگریشن پالیسی کی مخالفت جاری رکھی تو اس ریاست کا بجٹ منقطع کر دیا جائے گا۔