Feb ۱۳, ۲۰۱۷ ۱۸:۱۳ Asia/Tehran
  • امریکا میں مہاجرین کی گرفتاری، ٹرمپ کو ماہر نفسیات کی ضرورت ہے، امریکی رکن کانگرس

امریکی کانگریس میں ڈونالڈ ٹرمپ کے لئے ایک ماہرنفسیات کا تقرر کئے جانے کا بل پیش کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے

امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما ٹڈ لیو نے کہا ہے کہ وہ کانگریس میں ایک ایسا بل پیش کریں گے جس میں وائٹ ہاؤس میں صدر کے لئے ایک ماہرنفسیات کا تقرر کئے جانے کا مطالبہ کیا جائے گا- ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما ٹڈ لیو نے ہافینگٹن پوسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ کا رویہ اس بات کا تقاضہ کرتا ہے کہ ان کی نفسیاتی صحت کا معائنہ کیا جائے -  امریکی کانگریس کے اس ڈیموکریٹ رہنما نے کہا کہ صدر کی نفسیاتی صحت بھی ان کی جسمانی صحت کی مانند اہمیت کی حامل ہے-  ڈیموکریٹ ممبرپارلیمنٹ کے یہ بیانات ایسے عالم میں سامنے آئے ہیں کہ ڈونالڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے بعد سے ہی ڈیموکریٹس ان پر شدید تنقید کرتے رہے ہیں اور انھوں نے وعدہ کیا ہے کہ وہ امریکی صدر کی پالیسیوں کو چیلینج کریں گے- دوسری جانب امریکہ کی امیگریشن پولیس نے پورے ملک سے چھے سو سے زیادہ مہاجرین کو گرفتارکر لیا ہے - امریکی امیگریشن  حکام نے دعوی کیا ہے کہ جن افراد کو گرفتار کیا گیا ہے انھوں نے بعض امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کی ہے اور گیارہ ریاستوں سے غیرقانونی مہاجرین کی گرفتاری کا سلسلہ ایک ہفتے سے شروع کر دیا گیا ہے- ٹرمپ کی مہاجر مخالف پالیسیوں پر عمل درآمد شروع ہونے کے بعد امریکہ بھر سے ان مہاجرین کی گرفتاری کی لہر آگئی ہے جوغیرقانونی ہیں یا ان کی دستاویزات مکمل نہیں ہیں -  لاس آنجلس سے تقریبا ایک سو ساٹھ اور جارجیا اور شمالی و جنوبی کیرولینا سے دوسو سے زیادہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے- امریکہ کے بہت سے شہریوں نے تشویش ظاہر کی ہے کہ شاید جلد ہی ان کے دوستوں اور رشتیداروں کو بھی ٹرمپ کی اس مہاجر دشمن پالیسی کا نشانہ بننا پڑے اور گرفتار کر لیا جائے-

 

ٹیگس