قومی سلامتی کے امریکی مشیر مستعفی
قومی سلامتی کے امریکی مشیر مائیکل فلائن نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔
وائٹ ہاؤس نے بھی مائیکل فلائن کے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے کیتھ کلوگ کو ان کی جگہ قومی سلامتی کا عبوری مشیر مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مائیکل فلائن نے اپنے استعفے میں اس بات کی جانب اشارہ کیا کہ انہوں نے بادل ناخواستہ نائب صد مائیک پینس کو روس کے خلاف پابندیوں کے حوالے سے ناقص معلومات فراہم کی تھیں۔
اس سے قبل مائیکل فلائن اور روسی عہدیداروں کے درمیان رابطوں کی خبریں بھی منظرعام پر آچکی ہیں اور امریکی وزارت انصاف نے اس بارے میں حکومت کو خبردار بھی کیا تھا۔
عبوری اٹارنی جنرل سلی یاٹس نے بھی جنوری کے اواخر میں وائٹ ہاوس کو بتایا تھا کہ مائیکل فلائن نے واشنگٹن میں روسی سفیر کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کے بارے میں صحیح معلومات فراہم نہیں کی۔
دوسری جانب روسی صدر کے ترجمان دی متری پسکوف نے امریکی قومی سلامتی کے مشیر کی روسی عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کی تردید کی ہے۔
دی میتری پسکوف نے کہا ہے کہ امریکہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے مائیکل فلائن اور روسی عہدیداروں کے درمیان کوئی رابطہ نہیں ہوا۔