امریکی سینیٹر کی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر کڑی نکتہ چینی
امریکی سینیٹر جان مک کین نے ٹرمپ انتظامیہ میں پیدا ہونے والے بحران پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
سینیٹر جان مک کین نے میونخ سیکورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت امریکہ شدید بحران اور بد نظمی کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے مشیر مائیکل فلن کے استعفے سے پتہ چلتا ہے کہ واشنگٹن کے سیاسی حلقوں میں سخت مشکلات پیدا ہو گئی ہیں اور حکومت، اندر سے بحران اور بدنظمی کا شکار ہو چکی ہے۔
امریکی سینیٹر کا کہنا تھا کہ امریکی صدر نے اب ایسی بات کہہ دی ہے جو ان کے پہلے والے بیان کے منافی ہے جس سے واضح ہو گیا ہے کہ امریکی صدر کے قول و فعل میں کھلا تضاد پایا جاتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ یورپی ممالک، نئی امریکی حکومت کی خارجہ پالیسی کے حوالے سے سخت تشویش میں مبتلا ہیں۔
امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس اور وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن، اپنے پہلے دورہ یورپ میں، یورپی ملکوں کی تشویش دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔