Feb ۲۶, ۲۰۱۷ ۱۱:۵۵ Asia/Tehran
  • ڈونالڈ ٹرمپ کا میڈیا کےعشائیے میں شرکت سےانکار

ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اس برس صدر کے اعزاز میں وائٹ ہاؤس کوریسپونڈینٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے دیئے جانے والے عشائیہ میں شامل نہیں ہوں گے۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس برس 29 اپریل کو میڈیا اور مشہور شخصیات کے لیے وائٹ ہاؤس میں منعقد کیے جانے والے خصوصی عشائیے میں شامل نہیں ہوں گے۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا یہ فیصلہ کچھ میڈیا اداروں اور وائٹ ہاؤس کے درمیان خراب ہوتے تعلقات کے بعد آیا ہے۔

وائٹ ہاؤس نے جمعہ کو بی بی سی، نیو یارک ٹائمز اور سی این این سمیت کئی بڑے میڈیا اداروں کے صحافیوں کو ٹرمپ کے ترجمان شان سپائسر کی پریس کانفرنس میں شامل نہیں ہونے دیا تھا۔

ادھر وائٹ ہاؤس میں کوریسپونڈینٹس ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے صدر کے اعلان کا نوٹس لیا ہے لیکن ڈنر پہلے کی طرح اب بھی پہلی ترجیح یعنی اظہار رائے کی آزادی اور صحت مند جمہوریت میں میڈیا کے اہم کردار کو سراہنے کے لیے بطور جشن منایا جائے گا۔

واضح رہے کہ امریکہ کا صدر بننے کے بعد ڈونالڈ ٹرمپ کے اس قسم کے فیصلوں سے جہاں ان کی مقبولیت کا گراف بہت نیچے آگیا ہے وہیں امریکہ کے مختلف شہروں سمیت دنیا کے کئی ممالک میں ان کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔

 

ٹیگس