Dec ۱۷, ۲۰۲۵ ۲۳:۰۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان: جھارکھنڈ میں ہاتھیوں کا حملہ، 5 افراد ہلاک، بیس گھر تباہ، سیلفی لینے والے سیکورٹی گارڈ کو ہاتھی نے پٹخ پٹخ کر مار ڈالا

ہندوستان کی ریاست جھارکھنڈ میں ہاتھیوں کے حملے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے ہیں اور ہاتھیوں نے بیس گھروں کو بھی تباہ کردیا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق جھارکھنڈ کے حکام نے بدھ کے روز بتایا کہ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مختلف مقامات پر ہاتھیوں کے حملے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ رام گڑھ فاریسٹ ڈویژن علاقے میں ہاتھیوں کے حملے میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ رام گڑھ ضلع کے منڈو بلاک کے جنگلاتی علاقے میں ہاتھیوں کے حملے میں چار افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ ایک 36 سالہ شخص رانچی کے انگارا علاقے کے ایک گاؤں میں مارا گیا ہے۔

رام گڑھ کے ڈویژنل فاریسٹ آفیسر نتیش کمار نے بتایا کہ ایک سیکورٹی گارڈ امت رجوار منگل کی دوپہر رام گڑھ میں اس وقت ہاتھیوں کے حملے میں ہلاک ہو گیا جب وہ آٹھ جنگلی ہاتھیوں کے ایک جھنڈ کے قریب ویڈیو بنانے اور سیلفی لینے گیا تھا۔ غصے میں آئے ایک ہاتھی نے اس کا پیچھا کیا، اسی دوران امت گر پڑا اور ہاتھی نے اسے سونڈ سے پٹخ پٹخ کر مار ڈالا۔

ہاتھیوں نے آرا چار نمبر علاقے میں 20 گھروں کو تہس نہس کر دیا اور کھیتوں میں گھس کر ہاتھی آلو کی فصل بھی کھا گئے۔

دریں اثنا، مقامی دیہات کے سینکڑوں مشتعل افراد بدھ کے روز نیو مور ویسٹ بوکارو روڈ پر دھرنے پر بیٹھ گئے اور سڑک جام کردی۔ وہ مرنے والوں کے اہل خانہ کے لئے مالی مدد اور ہاتھیوں کے حملوں کو روکنے کے لیے مناسب حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کر رہے تھے۔  

انگارا کے فاریسٹ گارڈ انچارج نتن گپتا نے بتایا کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر 25 ہزار روپے کی مالی مدد فراہم کی گئی ہے جبکہ سرکاری کارروائی مکمل ہونے کے بعد مزید معاوضہ دیا جائے گا۔

متاثرہ افراد کو مالی مدد دینے اور یقین دہانی کرانے کے بعد انتظامیہ نے سڑک جام کو ختم کروایا۔ کئی گھنٹے تک مذکورہ سڑک جام رہی۔

ہمیں فالو کریں: 

Followus: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

جھارکھنڈ میں قانون کے مطابق ہاتھی کے حملے میں موت کی صورت میں لواحقین کو 4 لاکھ روپے کا معاوضہ دیا جاتا ہے۔

 

ٹیگس