برطانیہ میں ڈاکٹروں کی پانچ روزہ ہڑتال شروع، طبی خدمات متاثر، مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا
برطانیہ میں ڈاکٹروں کی پانچ روزہ ہڑتال شروع ہوگئی ہے جس کی وجہ سے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: برطانوی میڈیا کے مطابق نیشنل ہیلتھ سروسز، این ایچ ایس، میں ریزیڈینٹ ڈاکٹروں کی یہ 14ویں ہڑتال ہے، ہڑتال کے باعث طبی خدمات پر اثر پڑا ہے۔ ملک میں فلو کی شدید لہر کے باعث اسپتالوں پر دباؤ ہے، ہڑتال کے باعث مریضوں کو علاج کی سہولتیں نہیں مل رہیں۔
دوسری جانب برطانیہ کے وزیر صحت نے الزام عائد کیا کہ ہڑتال کا مقصد این ایچ ایس کو زیادہ نقصان پہنچانا ہے۔
برٹش میڈیکل ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ مریضوں کی حفاظت اولین ترجیح رہے گی، ہڑتال کے دوران خدمات جاری رکھنے کے لیے سینیئر ڈاکٹر تعینات کیے گئے ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق جی پی کلینکس کھلی رہیں گی جہاں ایمرجنسی سروسز دستیاب ہوں گی، البتہ کچھ اسپتالوں کے ایمرجنسی شعبے عارضی طور پر بند ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق عوام کو فوری مگر غیر جان لیوا مسائل کے لیے 111 آن لائن استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق برطانوی حکومت کی نئی پیش کش کے باوجود ڈاکٹروں کی جانب سے ہڑتال برقرار ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel