تارکین وطن کی حمایت میں اسپین میں ریلیاں
اسپین کے شہریوں نے ملک کے تیس شہروں میں مظاہرے کر کے تارکین وطن کو پناہ دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ان ریلیوں کا اہتمام ،پناہ گزینو خوش آمدید، نامی تحریک نے کیا تھا- اسپین کے شہروں میں نکالی گئی ریلیوں کے شرکا نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ان پناہ گزینوں کو، جو یونان و اٹلی اور یورپ کے دیگر ملکوں کی سرحدوں پر سرگرداں اور پریشان ہیں، اسپین میں آنے کی اجازت دے-
مظاہرین ایسے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جن پر لکھا تھا کہ پناہ گزینو خوش آمدید اور شرمناک سمجھوتہ نامنظور ہے-
اسپین میں پناہ گزینوں کی مدد کے کمیشن کے جنرل سکریٹری اسٹریا گالان نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسپین نے وعدہ کیا تھا کہ وہ سترہ ہزار تین سو پناہ گزینوں کو اپنے یہاں جگہ دے گا لیکن اب تک صرف ایک ہزار ایک سو چالیس پناہ گزین ہی، اسپین میں داخل ہو سکے ہیں-
مشرق وسطی اور افریقہ کے ملکوں میں مغرب کی مداخلت پسندانہ پالیسیوں کی وجہ سے خود اب مغرب کو ہی تارکین وطن کے بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے-