شام مخالف قرار داد کی منظوری میں امریکہ اور مغربی ممالک ناکام
روس اور چین نے مغربی ملکوں کی جانب سے شام کے خلاف پابندیوں کی قرارداد کو ناکام بنادیا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں امریکہ، فرانس اور برطانیہ نے شام کے خلاف پابندیوں کی قرار داد کا مسودہ پیش کیا تھا جسے چین اور روس نے ویٹو کردیا۔
روس نے پہلے ہی اعلان کیا تھا کہ شام کے خلاف پابندیوں کی تجویز غیر تعمیری ہے اور اس سے امن مذاکرات کے عمل پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔
منگل کے روز ہونے والی رائے شماری میں سلامتی کونسل کے دائمی اور غیر دائمی ارکان میں سے نو ارکان نے مثبت جبکہ بولیویا نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ مصر، قزاقستان اور ایتھوپیا نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔
اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے ولادی میر سفرونکوف نے امریکہ، برطانیہ اور فرانس پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تنیوں ممالک شام کے بحران اور جنگ میں شدت پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شام کے دشمنوں خاص طور سے امریکہ برطانیہ اور فرانس نے جان بوجھ کر یہ قرار داد سلامتی کونسل میں پیش کی تھی لہذا اسے ویٹو کرنا ضروری تھا۔