بحرین،سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں پھانسیوں پر نکتہ چینی
ایمنسٹی انٹرنیشنل نےکہا ہے کہ سعودی عرب ، بحرین اور متحدہ عرب امارات میں تشدد کے ذریعے اعتراف لینے کے بعد لوگوں کو موت کی سزائیں دی جارہی ہیں۔
جنیوا ایمنسٹی انٹرنیشنل کے سالانہ اجلاس کے موقع پر جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی قوانین کی رو سے ہر قسم کے شکنجے اور ایذا رسانی کی ممانعت کی گئی ہے لیکن بحرین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں مسلسل یہ اقدامات انجام دیئے جارہے ہیں۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مذکورہ تنیوں ممالک میں، ایذارسانی اور شکنجے دینے کے واقعات کی فوری، غیرجانبدارانہ اور موثر تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔اس سے قبل ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی ایک رپورٹ میں بحرین میں قیدیوں کو دی جانے والی ایذاؤں کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ نومبر دوہزار گیارہ سے اب تک ترانوے بحرینی فوجیوں پر مظاہرین کے قتل اور انہیں شکنجے کا جرم ثابت ہوچکا ہے لیکن ان میں بہت کم لوگوں کو انتہائی معمولی سزائیں دی گئی ہیں۔