Mar ۱۰, ۲۰۱۷ ۱۵:۱۷ Asia/Tehran
  • جنوبی کوریا کی معزول صدر کے حامیوں کا سئول میں پرتشدد احتجاج

جنوبی کوریا کی معزول صدر پارک گئون ھائے کے حامیوں نے دارالحکومت سئول میں اجتماع کرکے ان کی برطرفی کے عدالتی فیصلے پر شدید احتجاج کیا ہے۔

جمعے کو جنوبی کوریا کی معزول صدر پارک گئون ھائے کے حامیوں نے سئول میں آئینی عدالت کے باہر اجتماع کرکے معزول صدرکی حمایت میں نعرے لگائے اور عدالتی فیصلے پر احتجاج کیا۔

اس موقع پر پارک گئون ھائے کے حامیوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی جس میں کم سے کم دو افراد ہلاک اور دس دیگر زخمی ہوگئے۔

جنوبی کوریا کی پولیس اور سیکورٹی فورس نے سئول سمیت ملک کے مختلف شہروں میں سیکورٹی انتظامات سخت کردئے ہیں۔

حکمراں جماعت سائہ نوری نے بھی جس نے خود کو معزول صدر ھائے کی سیاسی بدعنوانیوں سے دور رکھنے کے لئے اپنا نام تبدیل کرکے کوریا لیبرٹی رکھ لیا ہے اور جنوبی کوریا کے عوام سے معافی مانگی ہے۔

اس سے پہلے جنوبی کوریا کی سپریم کورٹ نے سیاسی بدعنوانی کے معاملے میں ملوث خاتون صدر پارک گئون ھائے کو ان کے عہدے سے برطرف کردیا تھا۔

جنوبی کوریا کی خاتون صدر کے خلاف پارلیمنٹ  نے مواخذے کی قرارداد منطور کی تھی جسے عدالت نے درست قراردیتے ہوئے خاتون صدر کو عہدے سے برطرف کرنے کا حکم جاری کیا۔

پارک گئون ھائے جنوبی کوریا کی پہلی خاتون صدر تھیں اور ساتھ ہی وہ جنوبی کوریا کی پہلی صدر ہیں جنہیں مواخذے کے ذریعے برطرف کیا گیا ہے۔

جنوبی کوریا کی معزول خاتون صدر پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنی سہیلی چوئی سون سل کے ذریعے کئی اداروں سے پیسے جمع  کئے جبکہ ان پر سہیلی کو سرکاری دستاویزات تک رسائی دینے اور سرکاری اجلاسوں میں شرکت کی اجازت دینے کا بھی الزام تھا۔

کرپشن اسکینڈل سامنے آنے کے بعد معزول خاتون صدر کی سہیلی کو گرفتار کرلیا گیا تھا جو ابھی تک جیل میں ہیں۔

ٹیگس