Mar ۱۱, ۲۰۱۷ ۱۸:۳۵ Asia/Tehran
  • شام میں ایران، روس اور ترکی کی کوششوں سے فائر بندی جاری رہی، پوتن

روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ ایران، روس اور ترکی کے درمیان ہم آہنگ کوششوں سے شام میں فائر بندی جاری رہی ہے۔

روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے ماسکو میں ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان کے ہمراہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ روس، ایران اور ترکی کی کوششوں سے شام میں نہ صرف فائر بندی کا عمل جاری رہا بلکہ اس ملک میں تشدد کے واقعات میں کمی  بھی واقع ہوئی اور آستانہ میں شامی حکومت اور مسلح مخالفین کے درمیان براہ راست مذاکرات کا بھی امکان فراہم ہوا ہے۔

انھوں نے کہا کہ شام کی صورت حال بدستور پیچیدہ بنی ہوئی ہے اور اس ملک کے بحران کے سیاسی حل میں ابھی کافی مسائل پائے جاتے ہیں تاہم ماسکو کو امید ہے کہ شام میں امن قائم ہو جائے گا۔

اس پریس کانفرنس میں ترکی کے صدر اردوعان نے بھی کہا کہ انقرہ، شام یا عراق کی تقسیم کے بالکل خلاف ہے۔

 قابل ذکر ہے کہ شام کا بحران دو ہزار گیارہ سے جاری ہے جوصدر بشار اسد کی حکومت کا تختہ الٹنے کے لئے امریکہ سمیت بعض مغربی اور عرب و اسلامی ملکوں منجملہ سعودی عرب و ترکی کی حمایت سے انجام پانے والے مسلح دہشت گردوں کے حملوں کے نتیجے میں شروع ہوا ہے۔

ٹیگس