امریکی ڈرون حملوں کا اختیار سی آئی اے کے پاس، ڈونالڈ ٹرمپ
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے ایک اور متنازعہ فیصلے میں مرکزی انٹیلی جنس ایجنسی (CIA) کوڈرون حملے کرنے کے نئے اختیار دے دیئے ہیں۔
امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتہا پسندی کی پالیسی کو جاری رکھتے ہوئے ڈرون حملوں کا اختیار سی آئی اے کو دے دیا ہے جس سے اب بد نام زمانہ امریکی سی آئی اے دہشت گردی کے نام پرکہیں پربھی حملے کرسکے گی۔
ٹرمپ کا یہ اقدام سابق امریکی صدر باراک اوباما کی سی آئی اے کے فوجی کردار کو محدود کرنے سے متعلق پالیسی سے بالکل مختلف ہے اور امریکی حکام کے مطابق یہ خفیہ ایجنسی اب ڈرون حملوں کیلئے بااختیار ہوگئی ہے۔
اس سے پہلے ڈرون حملوں کا اختیار پینٹاگون کے پاس تھا اورشاید ٹرمپ کے اس فیصلے سے اب اختیارات کی جنگ پینٹاگون اور خفیہ ایجنسی میں شروع ہوجائے۔
واضح رہے کہ ہر چند کہ امریکہ کا یہ دعوی ہے کہ ڈرون حملے دہشتگردوں کے خلاف ہوتے ہیں لیکن ان حملوں میں زیادہ ترعام شہری نشانہ بنتے رہے ہیں اور افغانستان اورپاکستان سمیت کئی ممالک میں ہونے والے امریکی ڈرون حملوں میں اب تک ہزاروں افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے اور ان ممالک کےعوام اس قسم کے حملوں کو چادر اور چار دیواری کے خلاف، غیر قانونی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی سمجھتے ہیں۔