امریکہ: کیلی فورنیا میں ٹرمپ کے حامیوں اور مخالفین میں تصادم
امریکہ میں صدر ٹرمپ کے مخالفین اور طرفداروں میں ایک بار پھر تصادم ہونے کی خبر ملی ہے۔
امریکی ٹی وی، اے بی سی نیوز کے مطابق ہفتے کے روز لاس اینجلس کے جنوب میں بولکا اسٹیٹ بیچ پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں اور ان کی پالیسیوں کے مخالفین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جہاں امریکی پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں کو مداخلت کرنا پڑی۔
اس رپورٹ کے مطابق امریکی صدر دونلڈ ٹرمپ کے طرفدار ان کی حمایت میں مظاہرہ کر رہے تھے کہ ٹرمپ کی پالیسیوں کے مخالفین بھی وہاں جمع ہو گئے اور پھر دونوں فریقوں میں جھڑپیں شروع ہو گئیں۔
جھڑپوں کے شدت اختیار کر جانے پر امریکی پولیس نے مداخلت کی اور ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کے چار مخالفین کو حراست میں لے لیا۔
یہ پہلی بار نہیں ہے کہ امریکہ میں صدر ٹرمپ کے طرفداروں اور مخالفین کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔
اس سے قبل کیلی فورنیا میں ایک جلوس کے دوران بھی دونوں فریقوں میں شدید جھڑپیں ہوئی تھیں۔
امریکہ میں دونوں فریقوں کے درمیان یہ جھڑپیں ایسی حالت میں ہوئی ہیں کہ حالیہ ہفتوں کے دوران امریکی صدر ٹرمپ کے ہزاروں مخالفین نے بارہا احتجاجی مظاہرے کئے ہیں۔