Apr ۰۵, ۲۰۱۷ ۱۹:۳۷ Asia/Tehran
  • روس صدر کا دہشت گردی کے خلاف عالمی تعاون کی ضرورت پر زور

روس کے صدر ولادی میر پوتن نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے عالمی تعاون کو ضروری قرار دیا ہے۔

سابق روسی جمہوریاؤں کی دولت مشترکہ سی آئی ایس کے انٹیلی جینس اداروں کے سربراہوں کی کانفرنس کے نام اپنے پیغام میں صدر ولادی میر پوتن نے کہا ہے کہ عالمی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے، مختلف ملکوں اور عالمی برادری کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت ہے۔
صدر پوتن کے پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے موثر مقابلے اور مشکلات کے حل کے لیے سیکورٹی اداروں کو ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون کرنا ہوگا۔
روس کے صدر نے یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ دہشت گردی کے خلاف مربوط اور مشترکہ کاروائیوں کے ذریعے مشترکہ خطرات کا آسانی کے ساتھ تدارک کیا جاسکتا ہے۔
روسی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پیر کے روز سن پیٹرز برگ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں چودہ افراد ہلاک اور پچاس زخمی ہوگئے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ آزاد جمہوریاؤں کی دولت مشترکہ سی آئی ایس کا قیام انیس سو اکیانوے میں عمل میں آیا تھا اور روس، یوکرین اور بیلاروس اس کے بانی ممالک ہیں جبکہ جمہوریہ آذربائیجان، آرمینیا، ازبکستان، ترکمانستان، تاجکستان، کرغیزستان، قزاقستان، مولداویا اور جارجیا اس تنظیم کے رکن ممالک ہیں۔

 

ٹیگس