Apr ۱۶, ۲۰۱۷ ۱۴:۵۶ Asia/Tehran
  • امریکہ کی مختلف ریاستوں اور شہروں میں امریکی صدر کے خلاف مظاہرے

امریکہ کی مختلف ریاستوں میں امریکی صدر کے خلاف مظاہرے کئے گئے ہیں جبکہ کیلی فورنیا میں امریکی صدر کے حامیوں اور مخالفین کے درمیان ہونے والا مظاہرہ فریقین کے درمیان جھڑپ کے بعد تشدد کی شکل اختیار کر گیا۔

 پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کیلی فورنیا کے شہر برکلے میں امریکی صدر کے حامیوں اور مخالفین کا دھرنا اور مظاہرہ فریقین کے درمیان جھڑپوں پر منتج ہوا-

دھرنے میں صدر ٹرمپ کے حامی آزادی بیان کے حق میں تقریریں کر رہے تھے اور مخالفین اس ملک کے صدر کے خلاف نعرے لگا رہے تھے-

مقامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق برکلے میں امریکی صدر کی پالیسیوں کے مخالفین اور حامیوں کے درمیان جھڑپوں کے درمیان  کم سے کم اکیس افراد گرفتار کر لئے گئے- 

فرانس پریس کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن، نیویارک، بوسٹن، فیلا ڈلفیا، سیاٹل، سن فرانسسکو، لاس انجلس، شکاگو، برکلے اور امریکہ کے دیگر شہروں میں بھی ٹرمپ کے خلاف مظاہرے کئے گئے-

مظاہرین، ٹرمپ پر انکم ٹیکس ادا کرنے سے فرار کی کوشش کرنے کا الزام لگا رہے تھے-

گذشتہ چار عشروں کے دوران امریکہ کے تمام صدارتی امیدواروں نے انتخابات سے پہلے ہی اپنے ٹیکس کے گوشوارے شائع کئے ہیں- اگرچہ ٹرمپ نے کسی زمانے میں کہا تھا کہ امریکہ میں کوئی بھی ان کے مالیاتی دستاویزات کو اہمیت نہیں دیتا-

سروے رپورٹوں سے پتہ چلتا ہے کہ بہتر فیصد امریکی ، ان کے انکم ٹیکس کے گوشوارے منظر عام پر آنے کے خواہاں ہیں-

دوسری جانب ریاست کیلیفورنیا کے ڈیموکریٹ ممبر پارلیمنٹ نے کہا ہے کہ وہ ملک کے صدر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک چلانے کی کوشش کریں گے-

واشنگٹن اگزماینز جریدنے نے لکھا ہے کہ ریاست کیلی فورنیا کی رکن پارلیمنٹ ماکسین واٹرز نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ جب تک وہ صدر ٹرمپ کے خلاف تحریک عدم اعتماد نہیں چلا لیں گے اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، تاکید کے ساتھ کہا کہ انھیں صدر پر اعتماد نہیں ہے-

ماکسین واٹرز نے اس سے پہلے بھی کھل کر امریکی صدر کے خلاف تحریک عدم اعتماد چلانے کی بات کی تھی-

درایں اثنا ڈیموکریٹ سینیٹر ڈیان فنسٹاین نے بیس مارچ کو کہا تھا کہ ڈونالڈ ٹرمپ جلد ہی استعفی دینے پر مجبور ہو جائیں گے-

کچھ امریکی حکام نے امریکی صدر کی جانب سے بغیر کسی صلاح و مشورے کے فیصلوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شام اور افغانستان میں ٹرمپ کے حالیہ اقدامات کی بابت خبردار کیا تھا-

 

ٹیگس