مانچسٹر بم دھماکہ ہولناک دہشت گردی ہے، برطانوی وزیراعظم تھریسا مئے
مانچسٹر خودکش دہشت گردانہ بم دھماکے میں ہلاک ہونےوالوں کی تعداد بائیس ہوگئی ہے جبکہ انسٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں
برطانوی وزیراعظم تھریسا مئے نے مانچسٹر بم دھماکے کو دہشت گردی قراردیا ہے اور کہا ہے کہ پولیس واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرے گی برطانوی وزیراعظم تھریسا مئے نے منگل کی صبح مانچسٹر میں ہوئے بم دھماکے کو جس میں بائیس افراد ہلاک اور انسٹھ دیگر زخمی ہوگئے ہیں ہولناک دہشت گردی قراردیتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی - انہوں نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ وہ حملے میں مارے گئے لوگوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتی ہیں کہا کہ وہ اور ان کی حکومت مانچسٹر بم دھماکے کی تفصیلات جاننے اور تحقیقات میں لگی ہوئی ہے- خودکش دھماکہ پیر اور منگل کی درمیانی شب مانچسٹر کے برٹش ایرینا میں ایک کنسرٹ پروگرام کے ختم ہونے کے بعد ہوا - مانچسٹر کی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ایک خودکش دھماکہ تھا - مانچسٹر کے ایک سینیئر پولیس افسر کا کہنا ہے کہ حملہ آور دھماکہ خیز مواد کے ساتھ برٹش ایرینا میں داخل ہوا اور خود کو دھماکے سے اڑا دیا- ہلاک ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں - برٹش ایرینا نامی جس ان ڈور اسٹیڈیم کو نشانہ بنایا گیا وہ یورپ کا سب سے بڑا ان ڈور اسٹیڈیم ہے اور اس میں اکیس ہزار لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے - دھماکے کے بعد ہر طرف افراتفری کا ماحول تھا اور لوگ اپنی جان بچانے کے لئے ادھر ادھر بھاگ رہے تھے