May ۲۶, ۲۰۱۷ ۱۵:۳۰ Asia/Tehran
  • خفیہ اطلاعات عام کرنے پر مانچیسٹر کے میئر کی امریکا پر سخت تنقید

مانچیسٹر کے میئر نے حالیہ دہشت گردانہ حملے کی خفیہ اطلاعات لیک کرنے پر امریکا کو سخت تنقید کا نشانہ بنایاہے

مانچیسٹر کے میئر نے حالیہ دہشت گردانہ حملے کی خفیہ اطلاعات لیک کرنے کے امریکا کے اقدام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کا یہ اقدام اس کی سامراجی سوچ اور غیر ذمہ دارانہ حرکتوں کی عکاسی کرتاہے - برطانوی شہر مانچیسٹر کے میئر اینڈی برنہام نے مانچیسٹر کے حالیہ دہشت گردانہ حملے کی خفیہ اطلاعات و معلومات عام کرنے پر مبنی امریکی اقدام کو مانچیسٹر کے  باشندوں کی بے احترامی قراردیا اور کہا کہ اس سے بھی زیادہ بےاحترامی اس حملے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کی ہوئی  ہے اس لئے ہم امریکا کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہیں - اس درمیان برطانوی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ خفیہ اطلاعات فاش کرنے سے اعتماد ختم ہوجاتاہے- برطانوی وزیر داخلہ امبر روڈ نے بھی مانچیسٹر دہشت گردانہ حملے کی خفیہ اطلاعات کو لیک کرنے اور انہیں میڈیا کو دینے  پر امریکا پر تنقید کی ہے - برطانوی وزیرداخلہ نے کہا کہ امریکی حکام اور میڈیا کا یہ اقدام برطانوی پولیس کی منشا کے برخلاف ہے - واضح رہے کہ برطانوی وزیراعظم تھریسا مئے نے منگل کو کہا تھا کہ مانچیسٹر سانحے کے حملہ آور کا پتہ لگا لیا گیا ہے تاہم ابھی اس کا نام ظاہر نہیں کیا جائے گا لیکن کے اس کے باوجود امریکی میڈیا نے اس حملہ آور کا نام اور اس کی تفصیلات عام کردی -

 

ٹیگس