ہند و پاک کے وزرائے اعظم کی ملاقات
قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ میں پاک - ہند وزرائے اعظم کی غیر رسمی ملاقات ہوئی ہے۔
قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ میں ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی اور پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کے درمیان غیر رسمی ملاقات ہوئی، ہندوستانی میڈیا کے مطابق نریندر مودی نے نواز شریف سے ان کی صحت اور فیملی کے بارے میں خیریت دریافت کی ۔
وزیراعظم نے آستانہ پہنچتے ہی قزاقستان کے صدر نورسلطان نذربایوف اور ازبکستان کے صدر سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
قزاقستان کے صدر نورسلطان نذر بایوف سے ملاقات میں گفتگو کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ قزاقستان کے ساتھ توانائی اور مواصلاتی رابطوں کے شعبوں میں مضبوط تعاون چاہتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کی ضرورت ہے، اجلاس کے نتیجہ میں خطے کے عوام کے مابین تعاون اور اقتصادی خوشحالی کی راہ ہموار ہو گی۔
ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان گہرے تعلقات ہیں، ازبکستان کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع ہیں، ازبکستان توانائی کے وسائل سے مالا مال جبکہ پاکستان وسیع صنعتی مواقع کا حامل ہے، توانائی مواصلاتی رابطے اور معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم نوازشریف آج آستانہ میں افغانستان کے صدر اشرف غنی سے ملاقات کریں گے، مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں پاکستان اور ہندوستان کو آج اس تنظیم کی مستقل رکنیت مل جائیگی ۔