Dec ۱۳, ۲۰۲۵ ۱۲:۳۵ Asia/Tehran
  • امریکہ: 20 ریاستوں نے صدر ٹرمپ کے خلاف مقدمہ دائر کردیا

امریکہ کی 20 ریاستوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایچ 1 بی ویزے پر بہت زیادہ فیس عائد کئے جانے کے خلاف وفاقی عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا ہے۔

سحرنیوز/دنیا: میڈیا رپورٹوں کے مطابق امریکہ  کی 20 ریاستوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایچ 1 بی ویزے  پر ایک لاکھ ڈالر فیس عائد کرنے کے فیصلے کے خلاف وفاقی عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا ہے۔

مقدمہ دائر کرنے والی ریاستوں کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی یہ نئی پالیسی غیرقانونی ہے اور تعلیم، صحت اور دیگر ضروری عوامی خدمات کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ مقدمہ ہوم لینڈ سیکورٹی ڈپارٹمنٹ کی اس پالیسی کے خلاف ہے جس کے تحت ہنر مند غیر ملکی کارکنوں کے لیے مذکورہ ویزا درخواستوں کی فیس میں غیرمعمولی اضافہ کیا گیا۔

 

ان 20 ریاستوں کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کو اس قدر بھاری فیس عائد کرنے کا اختیار حاصل نہیں اور یہ فیصلہ انتظامی طریقۂ کار اور آئینی حدود کی خلاف ورزی ہے۔ایچ 1 بی پروگرام سے متعلق فیس ہمیشہ صرف انتظامی اخراجات تک محدود رہی ہے۔

ریاستوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس فیصلے سے تعلیمی اداروں اور صحت کے شعبے میں پہلے سے موجود عملے کی کمی مزید سنگین ہو جائے گی۔ حالیہ تعلیمی سال کے دوران امریکہ  کے 74 فی صد اسکولوں کو اساتذہ کی خالی آسامیوں پر تقرری میں مشکلات کا سامنا رہا۔

واضح رہے کہ ایچ 1 بی ویزا پروگرام امریکی اسپتالوں، جامعات اور سرکاری اسکولوں کے سلسلے میں بڑے پیمانے پر استعمال ہوتا ہے۔

نئی پالیسی کے تحت بھاری بھرکم فیس کا اطلاق 21 ستمبر 2025 کے بعد دائر کی گئی درخواستوں پر کیا گیا ہے جبکہ ہوم لینڈ سیکورٹی کے سیکریٹری کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ کچھ درخواستوں کو فیس سے مستثنیٰ بھی قرار دے سکتے ہیں۔

اس سے پہلے ایچ 1 بی ویزے کے لیے مجموعی سرکاری فیس 960 ڈالر سے 7 ہزار 595 ڈالر کے درمیان تھی۔

یہ مقدمہ کیلیفورنیا اور میساچوسٹس کی قیادت میں دائر کیا گیا ہے جس میں ایریزونا، کولوراڈو، کنیکٹیکٹ، ڈیلاویئر، ہوائی، الینوائے، میری لینڈ، مشی گن، مینیسوٹا، نیواڈا، نارتھ کیرولائنا، نیو جرسی، نیویارک، اوریگن، رہوڈ آئی لینڈ، ورمونٹ، واشنگٹن اور وسکونسن شامل ہیں۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

ٹیگس