Jun ۱۴, ۲۰۱۷ ۱۱:۴۵ Asia/Tehran
  • لندن: گرینفل ٹاور آگ کے شعلوں کی نذر

برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں گرینفل ٹاور میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی، دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے 27 منزلہ عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق مغربی لندن میں واقع 27 منزلہ رہائشی عمارت گرینفل ٹاور میں 120 فلیٹس ہیں جہاں 40 فائر انجنز اور 200 فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ لندن ایمبولنس سروس کا کہنا ہے کہ آگ سے متاثرہ 30 افراد کو ہسپتال منتقل کیا جاچکا ہے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ عمارت کو خالی کرنے کا کام جاری ہے ۔ عمارت کے زمین بوس ہونے کے خطرے کے پیش نظر پولیس عوام کو اس عمارت سے دور کر رہی ہے اور رہائشی افراد کو طبی امداد بھی فراہم کی جارہی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کی ایک رپورٹ میں پولیس اور فائر سروسز کے حوالے سے بتایا گیا کہ آتشزدگی کے بعد عینی شاہدین نے عمارت کی بالائی منزلوں سے چیخنے چلانے کی آوازیں سنیں جبکہ کچھ رہائشیوں کو مدد کے لیے سفید رنگ کے کپڑے لہراتے بھی دیکھا گیا اورعمارت سے کئی لوگوں نے کود کر اپنی جانیں بچائی ہیں جب کہ اب بھی کئی لوگ اندر پھنسے ہوئے ہیں۔

فائر سروس کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام کے مطابق دوسری منزل سے شروع ہونے والی آگ نے 27 منزلہ عمارت کی تمام بالائی منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

لندن کے  مسلمان میئر صادق خان نے واقعے سے متعلق اپنی ٹوئٹ میں گرینفل ٹاور آتشزدگی کو بڑا واقعہ قرار دیا ہے۔

 

 

ٹیگس