افغانستان میں امریکہ کے مشتبہ مقاصد کے بارے میں روس کا انتباہ
روس کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہےکہ امریکہ، افغانستان میں کچھ اور مقاصد کے درپے ہے اور وہ اس ملک میں بالکل امن نہیں چاہتا۔
روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ افغانستان سمیت دنیا کے مختلف علاقوں میں اپنے فوجیوں کی تعداد کم یا زیادہ کر رہا ہے جبکہ اس سلسلے میں اس کے اسٹریٹیجک مقاصد بھی واضح نہیں ہیں۔
روس کی اس ترجمان نے امریکہ کی لشکرکشی کی وجہ امریکی فوجی صنعتوں کے اندرونی مسائل کو حل کرنا قرار دیا۔
روس کے دفتر خارجہ کی ترجمان نے افغانستان میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی کارکردگی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن نے، کہ جس نے افغانستان پر حملے کے لئے سلامتی کونسل سے جواز حاصل کیا تھا، اس ملک میں اپنے اور اپنے اتحادیوں کے اقدامات کے بارے میں اب تک اقوام متحدہ کو کوئی رپورٹ پیش نہیں کی ہے۔