Jul ۱۳, ۲۰۱۷ ۰۸:۴۳ Asia/Tehran
  • روس کی جوابی کاروائی، 30 امریکی سفارتکار ملک بدر

روسی ذرائع کے مطابق روس نے 2016 میں امریکا سے اپنے 35 سفارتکاروں کی ملک بدری کے جواب میں امریکا کے بھی 30 سفارتکاروں کو ملک سے نکال دیا ہے۔

روسی وزارت خارجہ کے ایک عہدیدار نے واشنگٹن اور نیویارک میں روس کے نمائندہ دفاتر کو بند کرنے کے مسئلے پر پیدا ہونے والے سفارتی اختلافات کو امریکی حکومت کی جانب سے حل نہ کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ روس نے گزشتہ سال کے آخری مہینوں میں کئے جانے والے امریکی اقدامات کے جواب میں 30 امریکی سفارت کاروں کو ملک چھوڑ دینے کا حکم دیا ۔

روس نے جرمنی کے ہیمبرگ شہر میں صدر پوتین اور ٹرمپ کی ملاقات کے صرف 3 دن بعد یہ اقدام کیا ہے۔ امریکی و روسی صدر کی ملاقات کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری آنے کی توقع کی جا رہی تھی۔

واضح رہے کہ دسمبر 2016 میں امریکا کے سابق صدر باراک اوباما نے امریکی صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت کے دعوے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے 35 روسی سفارتکاروں کو اچانک ملک سے نکال دیا تھا اور واشنگٹن اور نیویارک میں روس کے دو نمائندہ دفاتر کو بند کر دیا تھا۔

خیال رہے کہ امریکی تفتیش کار امریکا کے صدارتی انتخابات میں مبینہ روسی مداخلت کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ جب سے ڈونلڈ ٹرمپ صدر بنے ہیں ان پر مسلسل یہ الزام لگتے رہے ہیں کہ روس نے ہلیری کلنٹن کی انتخابی مہم کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی ہے۔ انھوں نے ان الزامات کی تردید کی ہے جبکہ روس نے بھی باربار کسی قسم کی مداخلت کی تردید کی ہے۔

ٹیگس