پابندی عائد کرنے والے ممالک، انسانی حقوق کا احترام کریں، ہیومن رائٹ واچ
ہیومن رائٹ واچ نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین کی جانب سے قطر پر پابندی عائد کئے جانے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انسانی حقوق کی پابندی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
روسیاالیوم کی رپورٹ کے مطابق مشرق وسطی کے امور میں انسانی حقوق کی سربراہ سارہ لیاواٹسن نے کہا کہ خلیج فارس کے عرب ممالک کو یہ دیکھنا چاہئے کہ قطر پر پابندیوں کا اس ملک کے شہریوں کو کیا نقصان ہوا ہے۔
سارہ لیا واٹسن نے کہا کہ قطر پر پابندی انسانی حقوق کے منشور کی کھلی خلاف ورزی ہے اور خلیج فارس کے ممالک کے درمیان پیدا ہونے والا بحران اس بات کا باعث بنا ہے کہ سیکڑوں قطری شہری مشکل حالات کا شکار ہوجائیں۔
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے پانچ جون سے قطر پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ان چاروں ملکوں نے تیئیس جون کو تیرہ مطالبات پر مشتمل ایک فہرست قطر کو پیش کی جس میں غیرمنطقی اور ناقابل عمل مطالبات کئے گئے ہیں - قطر نے ان مطالبات کو مسترد کر دیا ہے۔