فرانس کا قطر کا محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ
فرانس کے وزیر خارجہ نے قطر کے خلاف سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کا محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
فرانس کے وزیر خارجہ جان ایوو لودریان نے دوحہ میں قطر کے وزیر خارجہ عبدالرحمن آل ثانی سے ملاقات کے بعد کہا کہ فرانس ایسی تمام پابندیاں اٹھائے جانے کا خواہاں ہے کہ جن کے نتیجے میں قطری شہریوں اور دوہری شہریت رکھنے والے لوگوں کی زندگی متاثر ہو رہی ہے۔
فرانس کے وزیر خارجہ، خطے کے اپنے پہلے دورے کے پہلے مرحلے میں ہفتے کی شب قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچے تھے جہاں انہوں نے قطر کے ساتھ سعودی عرب اور اس کے اتحادی ملکوں کے اختلافات و کشیدگی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
فرانسیسی وزیرخارجہ ہفتے کی شام قطر سے ریاض پہنچے جہاں انہوں نے اپنے سعودی ہم منصب عادل الجبیر کے ساتھ بھی ملاقات اور عرب کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔
فرانس کے وزیر خارجہ نے عادل الجبیر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے قطر کے ساتھ اختلافات پر تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ قطر کے ساتھ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے تعلقات میں پیدا ہونے والی کشیدگی کو فوری طور پر ختم کیے جانے کی ضرورت ہے۔
سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے مشترکہ پریس کانفرنس میں دعوی کیا کہ سعودی عرب نے قطر کی جانب سے دہشت گردی کی حمایت کے شواہد فرانس کو پیش کیے ہیں۔