جنگی جہاز کے عرشے سے ٹرمپ کی شیخیاں
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طیارہ بردار بحری جہاز جیرالڈ فورڈ گیارہ کو امریکی طاقت کی علامت اور کامیابی کی ضمانت قرار دیا ہے۔
طیارہ بردار بحری جہاز جیرالڈ فورڈ کو بحریہ کے حوالے کیے جانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ نے دعوی کیا کہ یہ جہاز ہر جنگ میں امریکہ کی کامیابی کی ضمانت ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے جرالڈ فورڈ کے عرشے پر کھڑے ہو کر ڈینگیں مارنے سے پہلے اپنی حکومت اور امریکہ کی مشکلات کے بارے میں دس ٹوئیٹ بھی ارسال کیے جن میں روس کے ساتھ اپنے ساتھیوں کے تعلقات کے بارے میں تحقیقات، امریکی وزیر انصاف کا معاملہ اور اوباما کیئر کے متبادل بل کی ناکامی جیسے معاملات بھی شامل ہیں۔
ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں اپنی پریس ٹیم میں کی جانے والی تبدیلیوں کا بھی دفاع کیا۔
جرالڈ فورڈ کی تیاری پر بااثر امریکی سینیٹر جان مک کین سمیت بہت سے سیاستدانوں نے سخت اعتراض کیا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ اس طیارہ بردار بحری جہاز کی تیاری پر سنگین رقم خرچ ہوئی ہے جبکہ اس میں لاتعداد فنی نقائص بھی پائے جاتے ہیں۔