Jul ۲۵, ۲۰۱۷ ۱۲:۲۷ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کی جانب سے اوباما ہیلتھ کیئر پروگرام کو بند کرنے پر تاکید

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوباما ہیلتھ کیئر پروگرام کو بڑا جھوٹ قرار د یتے ہو ئے کہا ہے کہ اس پروگرام کی حمایت کرنے والے امریکیوں کونقصان پہنچا رہے ہیں، پروگرام لازمی بند کریں گے۔

ہیلتھ کئیر پرگرام سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر اوباما کے ہیلتھ کیئر پروگرام کے خلاف پھٹ پڑے اور اوباما کیئر پروگرام کو امریکیوں کے لیے ڈراؤنا خواب اور تباہ کن قرار دے دیا۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ جو لوگ اب بھی پروگرام کی حمایت کر رہے ہیں وہ امریکا کے شہریوں کا نقصان کر رہے ہیں۔ مہنگے منصوبے کی جگہ ہر صورت نیا ہیلتھ کئیر پروگرام لے کر آئیں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے دعوی کیا کہ اوباما ہیلتھ کئیر پروگرام امریکا کے میڈیکل سسٹم کے لیے نقصان دہ ہے۔

دوسری جانب امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹ پارٹی کی رہنما نینسی پیلوسی نے امریکی سینیٹ میں نئے ہیلتھ کیئر بل کی ناکامی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نہیں چاہتے کہ امریکی عوام کم اخراجات میں ہیلتھ کیئر سہولتوں کے حامل بنیں۔

 واضح رہے کہ اوباما کیئر بل میں تبدیلی سے متعلق ٹرمپ کا مجوزہ بل، امریکی سینیٹ میں ڈیموکریٹ اراکین کی مخالفت کی بنا پر شکست سے دوچار ہو گیا ہے جس سے ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنے انتخابی وعدوں کو پورا کرنے میں ایک اور سخت دھچکا لگا ہے۔

 ٹرمپ کے نئے مجوزہ ہیلتھ کیئر بل کے مطابق دو کروڑ بیس لاکھ امریکی شہری، سنہ دو ہزار چھبّیس تک طبی بیمہ سہولتوں سے محروم ہو جائیں گے۔

ٹیگس